پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں ضمنی انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے،

پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں ضمنی انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے،
پنجاب پولیس کے 35 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے 2599 پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی فرائض ادا کئے،
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد، صوبائی، ریجنل اور ڈویژنل کنٹرول رومز سے مانیٹرنگ جاری رہی۔ ترجمان پنجاب پولیس
 
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ضمنی الیکشن 2024ء کے موقع پر پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے۔پنجاب کے 2599 پولنگ سٹیشنز میں سے 419 کو انتہائی حساس جبکہ1081 حساس قرار دیا گیا تھا جہاں پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کر تندہی سے فرائض ادا کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کے اضلاع میں 663 مردانہ، 649 زنانہ اور 1289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنز کے ساتھ ساتھ الیکشن عملے کو بھرپور تحفظ فراہم کیا گیا، ان پولنگ اسٹیشنز پر 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز میں سے بڑی تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کیلئے اپنی تیاری قبل از وقت مکمل کر لی تھی، لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 35 ہزار سے زائد افسران و جوان ضمنی الیکشن سکیورٹی پر تعینات رہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان پولنگ اسٹیشنز پر آنے والے معذور و ضعیف افراد کو قومی فریضہ کی ادائیگی میں مدد فراہم کی، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کرتے رہے۔ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی، امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہوئے الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش پر بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی گئی۔ الائیڈ محکموں، آرمڈ فورسز، سکیورٹی اداروں کے تعاون سے پرامن اور شفاف پولنگ کا عمل یقینی بنایا گیا، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ووٹرز، پولنگ عملے، شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی، آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز، سینئر افسران تمام تر انتظامات کا خود جائزہ لیا جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر  اضافی نفری، ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات رہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبائی، ریجنل، ڈویژنل اور سی پی او کنٹرول رومز سے انتخابی عمل، سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ جاری رہی اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا گیا، ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے، انتخابی عمل کو سبوتاژ پر بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ملک دشمن و شر پسند عناصر کے تدارک کیلئے بارڈر ایریاز چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری رہا، پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے اور پولنگ عمل کے مکمل اختتام ہونے تک پولیس ٹیمیں ڈیوٹی پوائنٹس پر  موجود رہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی ضمنی الیکشن 2024 کیلئے پنجاب پولیس کی سخت سکیورٹی میں پولنگ کا عمل پرامن اور شفاف طریقے سے اپنے انجام کو پہنچا۔ لاہور سمیت صوبہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز، حساس مقامات پر پنجاب پولیس کے جوان ہائی الرٹ رہے، تمام شاہراہوں، پبلک مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔
انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائیں، ہوائی فائرنگ،اسلحہ کی نمائش پر خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ شر پسند عناصر اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں،ناکوں پر چیکنگ مزید سخت کر دیں، ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ ٹیمیں کیمپ آفسز اور اہم مقامات کے اطراف پٹرولنگ بڑھا دیں۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر403)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Sunday, April 21, 2024