پاکستان امریکن لاانفورسمنٹ سوسائٹی کے وفد کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ

Apr 30, 2024
 پاکستان امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی (PALS) میں شامل امریکی پولیس افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، 24 رکنی وفد میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دینے والے پاکستانی نژاد افسران شامل تھے۔ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب سلطان احمد چوہدری نے پاکستانی امریکن پولیس افسران سے ملاقات کی۔ امریکی وفد کو پنجاب پولیس کی ورکنگ، انفراسٹرکچر، سپیشلائزد فورسز، آپریشنل طریقہ کار بارے آگاہی دی گئی، پنجاب پولیس کی جدید ٹرانسفارمیشن، کمیونٹی پولیسنگ پراجیکٹس، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری آپریشنز بارے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب سلطان احمد چوہدری نے امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس دنیا کی بڑی پولیس فورسز میں شامل، دہشت گردی، انتہا پسندی اور کثیرالجہت چیلنجز کا مقابلہ کر رہی ہے۔ سلطان احمد چوہدری نے کہاکہ پاکستانی پولیس کے بیشتر افسران نے امریکی اداروں سے جدید پولیسنگ سکلز میں مہارت حاصل کی ہے، دنیا بھر کی پولیس فورسز میں افسران کے درمیان اعتماد اور احترام کا رشتہ ہے۔ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کہاکہ پاکستان اور امریکی پولیس کے مابین جدید ٹریننگ،جرائم کنٹرول سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کی وسیع گنجائش ہے۔
روحیل احمد خالد، صدر پاکستان امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی نے کہاکہ امریکی پولیس میں 600 سے زائد پاکستانی نژاد افسران شامل، ہر برس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو انتہائی خوش آئندہے۔روحیل احمد خالد نے کہاکہ پاکستان امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی کی کاوش سے امریکی پولیس میں مارچ کو پاکستان کلچر مہینے کے طور پر منایا گیا ہے۔ امریکی وفدنے پاکستان ہیریٹیج مہینے میں پنجاب پولیس افسران کو باضابطہ طور پر شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات کے اختتام ایڈیشنل آئی جی اسٹیبشلمنٹ پنجاب سلطان احمد چوہدری نے وفد کے سربراہ کو روایتی شیلڈ پیش کی۔ صدر پالز (PALS) روحیل احمد خالد نے ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو سوسائٹی کی طرف سے سووینئر اور بیجز پیش کئے۔ دوران میٹنگ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی ویلفیئر عمارہ شیرازی، اے ایس پی ماڈل ٹاؤن رضوانہ ملک اور اے ایس پی چوہنگ کامل مشتاق نے بھی پنجاب پولیس کے ورکنگ بارے اظہار خیال کیا۔
(روز نامہ جناح)
**********************