ڈی جی خان: پولیس کے جوانوں نے جھنگی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا،7اہلکار زخمی

May 02, 2024

ڈیر ہ غازی خان+اسلام آباد (این این آئی+نمائندہ خصوصی)ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی جھنگی چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے پہلے سے چوکنا جوانوں نے 3 گھنٹے تک لڑتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ حملے میں جھنگی چوکی پر تعینات 7 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوگئے۔ترجمان نے کہا کہ 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر مختلف اطراف سے شدید حملہ کیا، دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈگرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا، دہشتگرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ کر کے تعینات اہلکاروں کویر غمال بنانا چاہتے تھے۔ترجمان پولیس کے مطابق زخمیوں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر عمران، کانسٹیبلز عامر، عاشق زین، رحمت اللہ، ثنااللہ اور ایلیٹ کانسٹیبل طارق شامل ہیں جبکہ شدید زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 14 جنوری کو ضلع تونسہ شریف کی تحصیل وہوا کی جھنگی پولیس چوکی پر دو موٹر سائیکل سواروں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تونسہ شریف میں جھنگی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں، ان سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

(روزنامہ نوائےوقت)

**********************