پنجاب پولیس الرٹ ‘دہشتگردوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے : آئی جی

May 02, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ڈی جی خان میں پولیس چیک پوسٹ حضرت عمر فاروقؓ (جھنگی) کا دورہ کیا۔آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے والے پولیس کے بہادر جوانوں سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور جوانمردی سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں سے بغل گیر ہو گئے۔آئی جی نے دلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹ پر تعینات تمام جوانوں کو فی کس 50 ہزار روپے جبکہ زخمی اہلکاران کو فی کس ایک لاکھ نقد انعام دیا۔ حملے سے پولیس چیک پوسٹ کو پہنچنے والے نقصان کا معائنہ کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے۔دہشتگردوں کو کبھی ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ زخمیوں میں اے ایس آئی عمران، کانسٹیبلز محمد عامر، عاشق زین، رحمت اللہ، ثنا اللہ، ایلیٹ کانسٹیبل طارق شامل ہیں جبکہ شدید زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو علاج معالجے کیلئے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیک پوسٹ پر تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور مورچوں کو مزید مضبوط کرنے کا حکم دیااور کہاکہ جھنگی چیک پوسٹ پر پولیس کی اضافی نفری اور مزید وسائل فراہم کئے جائیں گے، چیک پوسٹ پر بکتر بند گاڑی اور مزید جدید ترین اسلحہ کی فراہمی کا حکم دیا۔انکا کہناتھا کہ جھنگی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں کا مورال اور عزم و حوصلہ بلند ہے۔پنجاب پولیس کے سربکف جوان میرا فخر اور محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ پنجاب پولیس کے جوانوں کی بہادری اور ثابت قدمی کو سرکاری و عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارا مورال پست نہیں کرسکتے،پنجاب پولیس کے جوان سرحدی چیک پوسٹوں پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

************************