شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا، کورکمانڈر لاہور سمیت پولیس حکام کی شرکت

May 03, 2024

  لاہور(کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل غلام رسول کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔کورکمانڈرلاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ،ڈی آئی جی(انویسٹی گیشن)ذیشان اصغر،ڈی آئی جی (آرگنائزڈ کرائم یونٹ)عمران کشور، ڈی آئی جی (آپریشنز)فیصل کامران اور سینئرافسران نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ جوڈیشل ونگ میں تعینات کانسٹیبل غلام رسول نے ٹیکسالی گیٹ کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے شہید کانسٹیبل غلام رسول کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر کانسٹیبل غلام رسول کی روح کے ایصال ِ ثواب کیلئے دعا کی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے شہید کانسٹیبل غلام رسول کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔شہید کانسٹیبل غلام رسول کا تعلق شرقپور سے تھا،پسماندگان میں ایک بیٹااور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل غلام رسول کے اہل خانہ سے تعزیت کی اورمحکمے کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

(روز نامہ پاکستان)

********************